آپ تیر و کمان والے ہیں

By mast-hafiz-rahmaniFebruary 27, 2024
آپ تیر و کمان والے ہیں
ہم تو اردو زبان والے ہیں
ہم ہیں معمار اونچے محلوں کے
پھر بھی کچے مکان والے ہیں


مطمئن ہم ہیں دھوپ میں رہ کر
خوش نہیں سائبان والے ہیں
مصلحت ہے جو چپ ہیں لب اپنے
ورنہ ہم بھی زبان والے ہیں


ہم سفر میرے ہو نہیں سکتے
آپ اونچی اڑان والے ہیں
خاک ہیں اس لئے ہیں خاک نشیں
ورنہ ہم آسمان والے ہیں


مستؔ نسبت ہے میرؔ و غالبؔ سے
ہم بھی ہندوستان والے ہیں
24414 viewsghazalUrdu