عام سا اک شخص ہے یہ فرحت احساسؔ آپ کا

By farhat-ehsasFebruary 6, 2024
عام سا اک شخص ہے یہ فرحت احساسؔ آپ کا
عشق نے اس کو بنایا ہے مگر خاص آپ کا
آپ تنہائی میں کب ملتے ہیں کچھ تو بولئے
ختم کب ہوتا ہے آئینے میں اجلاس آپ کا


اور کتنا پاس آؤں میں کہ پاس آ جائیں آپ
کچھ تو کہیے اور کتنی دور ہے پاس آپ کا
صاحبا ہم کو گلے سے بھی لگا لیجے کبھی
کب تلک قدموں میں ہی بیٹھا رہے داس آپ کا


گوشت میرے جسم کا تاریک ہو جاتا ہے کیوں
شام آتے ہی دمک اٹھتا ہے کیوں ماس آپ کا
وہ جو ہیں اک جوہری سے فرحت اللہ خانؔ ہیں
یہ لفنگا جو ہے یہ ہے فرحت احساسؔ آپ کا


99995 viewsghazalUrdu