اب جو دینا ہے مرے دوست محبت دینا

By ahmad-ayazFebruary 24, 2025
اب جو دینا ہے مرے دوست محبت دینا
یوں بھی اچھا نہیں ہوتا ہے اذیت دینا
اب تری بات کوئی مجھ کو بھلی لگتی نہیں
چھوڑتا کیوں نہیں تو یار نصیحت دینا


گر مجھے دینا ہو ادراک تغزل کا نصاب
میرے مولا مجھے سو سال کی خلوت دینا
میں ترے لطف و عنایات کا حامی تو نہیں
ہو سکے تو مجھے جانے کی اجازت دینا


رسم دیوانگی کی ایک ادا یہ بھی ہے
زخم تازہ کو نہ بھرنے کی سہولت دینا
اب کوئی اور نہ یوسف بنے فرزند چاہ
بنی یعقوب کو تھوڑی سی مروت دینا


عشق وہ قید مسرت ہے کہ ہر لمحہ ایازؔ
دل یہ کہتا ہے یہ زنجیر ہٹا مت دینا
78905 viewsghazalUrdu