اپنے شجرے دکھا رہے ہیں پھول

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
اپنے شجرے دکھا رہے ہیں پھول
تم سے رشتے گنا رہے ہیں پھول
اپنی خوشبو کو بیچنے کے لئے
تیری خوشبو بتا رہے ہیں پھول


چڑھ رہی ہے بہار کی بارات
تتلیوں کو نچا رہے ہیں پھول
ہے جڑوں میں بہار ابھی باقی
خشک شاخوں پہ آ رہے ہیں پھول


یاد کر کر کے رات کی شبنم
دھوپ میں مسکرا رہے ہیں پھول
تیرے ہونٹوں کا نام لے لے کر
داستانیں سنا رہے ہیں پھول


پھر ترے عارضوں کی اترن سے
اپنے زیور بنا رہے ہیں پھول
84036 viewsghazalUrdu