بہت دنوں سے یہیں ہو عجیب آدمی ہو

By abid-razaFebruary 17, 2025
بہت دنوں سے یہیں ہو عجیب آدمی ہو
اسی زمیں کے مکیں ہو عجیب آدمی ہو
ابھی تلک یہی الجھن کہ اس خرابے میں
نجانے ہو کہ نہیں ہو عجیب آدمی ہو


کبھی ملو تو بتانا ذرا تسلی سے
گمان ہو کہ یقیں ہو عجیب آدمی ہو
ہے اک جہان عدم اور اس وجود کے ساتھ
اسی جہاں میں کہیں ہو عجیب آدمی ہو


اٹھی صدائے انا الحق ورید جاں کے قریب
سنا ہے تم بھی وہیں ہو عجیب آدمی ہو
سب اپنے آپ میں محصور ہو گئے ہیں یہاں
تم اپنے گھر میں نہیں ہو عجیب آدمی ہو


49454 viewsghazalUrdu