بہت دشوار ہے رستہ ہمارا

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
بہت دشوار ہے رستہ ہمارا
نہیں کر پاؤ گے پیچھا ہمارا
رلا دے گا اسے ہنسنا ہمارا
اسے معلوم ہے قصہ ہمارا


تسلی دے رہے ہیں چارہ گر کو
سمجھ لو حال ہے کیسا ہمارا
تمہاری کاپی نے خالی کرایا
کتابوں سے بھرا بستہ ہمارا


بچھڑنے والا مڑ کر دیکھ لیتا
تو ہم کو گھر تو مل جاتا ہمارا
خدا حافظ اگر تم کہہ کے جاتے
تو کچھ دن کام چل جاتا ہمارا


بٹن بس شرٹ میں اک ٹانک دیتے
تو سب غصہ اتر جاتا ہمارا
چلو ساجھے میں بزم دل سجائیں
سجاوٹ آپ کی خرچہ ہمارا


97208 viewsghazalUrdu