باقی سب کو ہرانا پڑتا ہے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
باقی سب کو ہرانا پڑتا ہے
اس کو تنہا جتانا پڑتا ہے
چادریں یہ کہاں سمجھتی ہیں
ہم کو قد بھی بڑھانا پڑتا ہے


جو بھی چاہے خرید لے ہم کو
بس گلے سے لگانا پڑتا ہے
عشق میں گھر بنانے سے پہلے
گھر کا ملبہ بنانا پڑتا ہے


پیاس آسانی سے نہیں بنتی
پہلے دریا بنانا پڑتا ہے
اس کی حیرانی کے بغیر ہمیں
قصہ آگے بڑھانا پڑتا ہے


روز باہر کی چھٹ پٹاہٹ کو
اپنے اندر کھپانا پڑتا ہے
16303 viewsghazalUrdu