بھلا اب اور کہاں زندگی نظر آئے

By abdurrahman-mominJanuary 18, 2024
بھلا اب اور کہاں زندگی نظر آئے
تمہارے بعد ہمیں کیا کوئی نظر آئے
تلاش جس کی ہے بس وہ نظر نہیں آتا
یہ اور بات نظر کو وہی نظر آئے


یہ ہوشیار تجھے ہوشیار سمجھیں گے
انہیں کہاں تری دیوانگی نظر آئے
گزر تو آئے ہیں تیری گلی سے ہم لیکن
جہاں بھی جائیں تری ہی گلی نظر آئے


یہ رہگزر جو مرے ساتھ ساتھ چلتی تھی
تری گلی میں ٹھہرتی ہوئی نظر آئے
نظر گئی تھی ہماری جب آئنے کی طرف
اسے لگا کہ ہمیں بھی ہمی نظر آئے


وہ تو نہیں تھا تو پھر کون ساتھ تھا میرے
کوئی تو ہوگا مگر کب کوئی نظر آئے
تجھے دکھائی نہیں دے رہی مگر مومنؔ
کلام کر کہ تجھے خامشی نظر آئے


39774 viewsghazalUrdu