چلتے ہوئے جو دیکھے ڈنڈے تری گلی میں

By betakalluf-shaajapuriJanuary 20, 2024
چلتے ہوئے جو دیکھے ڈنڈے تری گلی میں
سب پڑ گئے ہیں آ کر ٹھنڈے تری گلی میں
تیرا در محبت کیا بن گیا ہے تیرتھ
ملا تری گلی میں پنڈے تری گلی میں


ایک رات دیکھ لینا اعلان جنگ ہوگا
گاڑے ہیں عاشقوں نے جھنڈے تری گلی میں
تیور بتا رہے ہیں کچھ دن سے عاشقوں کے
دنگل ضرور ہوگا ون ڈے تری گلی میں


ارمان و آرزو کی ہولی بھی اب جلے گی
لا کر تو رکھ دئے ہیں کنڈے تری گلی میں
تجھ کو نہیں خبر جب تفتیش کی پولس نے
ایک ریل بھر کے نکلے غنڈے تری گلی میں


پہرہ لگا ہوا ہے چھ سال سے پولس کا
کس چیز کے گڑے ہیں ہنڈے تری گلی میں
میلہ لگا ہوا ہے بیمار عاشقوں کا
دن رات ہو رہے ہیں گنڈے تری گلی میں


ہر چیز میرے گھر کی عاشق ہوئی ہے تجھ پر
دیتی ہے میری مرغی انڈے تری گلی میں
لگتا نہیں ہے جی اب جاناں کسی گلی میں
سنڈے تری گلی میں منڈے تری گلی میں


باراتیوں میں لے کر پندرہ ہزار شاعر
آئے گا بے تکلفؔ ون ڈے تری گلی میں
28503 viewsghazalUrdu