چاند ہو جس طرح ستاروں میں

By rizwan-aliFebruary 28, 2024
چاند ہو جس طرح ستاروں میں
منفرد ہے وہ ماہ پاروں میں
جو بھی اٹھی نگاہ تیری طرف
ہو گئی گم حسیں نظاروں میں


چھو کے دامن کو چھوڑتے ہی نہیں
کتنی اپنائیت ہے خاروں میں
میں بھی واسی کسی چمن کا ہوں
مجھ کو رکھ پھولوں کی قطاروں میں


کیسا بدلا ہے گلستاں کا نظام
دیکھتا ہوں خزاں بہاروں میں
آگ میں آج کس کو جھونکا گیا
پھول کھلنے لگے شراروں میں


کیوں حقارت سے دیکھتے ہو ہمیں
تھے کبھی ہم بھی تاجداروں میں
جب سے دل اس نے میرا توڑ دیا
بے سکوں رہتا ہے بہاروں میں


ڈر ہے شاید انہیں زمانے کا
بات کرتے ہیں جو اشاروں میں
کس نے پوچھا ہے حال دل رضوانؔ
چین آیا ہے بے قراروں میں


55345 viewsghazalUrdu