دفتر میں بے کار کی باتیں کرتے رہیے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
دفتر میں بے کار کی باتیں کرتے رہیے
ہفتے بھر اتوار کی باتیں کرتے رہیے
جب تک سچ مچ عشق نہیں ہو جائے کسی سے
ایک خیالی یار کی باتیں کرتے رہیے


بیماروں کو یوں ہی تسلی دی جاتی ہے
ان سے کسی بیمار کی باتیں کرتے رہیے
پیٹھ دکھانا یاد دلاتے رہیے اس کو
بزدل سے تلوار کی باتیں کرتے رہیے


ہم نے تو اس کان سنا اس کان اڑایا
آپ سمندر پار کی باتیں کرتے رہیے
میل سے بڑھ کر کھٹ پٹ سے رونق رہتی ہے
آنگن میں دیوار کی باتیں کرتے رہیے


25717 viewsghazalUrdu