دل میں کچھ ہو تو مسکرائیے گا

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
دل میں کچھ ہو تو مسکرائیے گا
بے سبب کام مت بڑھائیے گا
ہم کو مل جائیں آپ جیسے ہزار
اتنی دنیا بھی مت دکھائیے گا


خود کشی سے ہی دیجئے گا جواب
موت کی دھونس میں نہ آئیے گا
آئیے گا گناہ کرنے قبول
جب عدالت سے چھوٹ جائیے گا


عشق اتنا بڑا گناہ نہیں
چھپ نہ پائے تو مت چھپائیے گا
بے وفا یار ایک نعمت ہے
ورنہ کب تک کسے نبھائیے گا


یہ جو ہر وقت ہے گھڑی پہ نظر
ایسے رستہ نہ دیکھ پائیے گا
ہم نے اس بار تو منا لیا ہے
اب یہ خطرہ نہیں اٹھائیے گا


87179 viewsghazalUrdu