ایک دم دل میں اتر جائے جو خنجر آپ کا

By farhat-ehsasFebruary 6, 2024
ایک دم دل میں اتر جائے جو خنجر آپ کا
فرحت احساسؔ اپنا بن جائے قلندر آپ کا
ہو کے چکنا چور پھر پر نور ہونا ہے مجھے
کب مرے شیشے سے ٹکرائے گا پتھر آپ کا


رقص میرا جسم چاہے جس تصور میں کرے
رقص کے پیش نظر رہتا ہے محور آپ کا
سخت حیرت میں پڑے ہیں شہر بھر کے اہل وصل
رات بھر خالی پڑا رہتا ہے بستر آپ کا


بھیڑ میں سے سر اٹھا کر اس قدر مت دیکھیے
بھیڑ ورنہ کاٹ کر لے جائے گی سر آپ کا
آپ تو بس ایک شب آغوش میں آ جائیے
صبح ہونے تک نکل جائے گا سب ڈر آپ کا


مجھ کو اپنی ایک قطرہ حکمرانی چاہیے
اور اس کے بعد پھر سارا سمندر آپ کا
بیچتا ہے تھوک میں تنقید کا بازار اسے
فرحت احساسؔ اپنے شعروں میں ہے پھٹکر آپ کا


31989 viewsghazalUrdu