ایک اونچے مکاں کی باتیں ہیں

By khayal-laddakhiFebruary 27, 2024
ایک اونچے مکاں کی باتیں ہیں
اپنی بس آسماں کی باتیں ہیں
کچھ تری قربتوں سے وابستہ
کچھ تو وقت نہاں کی باتیں ہیں


کل جو درد نہاں ہمارے تھے
آج سارے جہاں کی باتیں ہیں
میکدہ مشغلہ رہا میرا
ہوش ہستی کہاں کی باتیں ہیں


کون کرتا ہے پیار کی باتیں
اب تو تیر و کماں کی باتیں ہیں
تو نہ سمجھے گا واعظ ناداں
جو یہ عشق بتاں کی باتیں ہیں


میرے ماضی کی گفتگو ساری
آج دور رواں کی باتیں ہیں
شادمانی سرور و جام و سبو
تیری تیرے جہاں کی باتیں ہیں


کچھ کہاں ہے خیالؔ پوشیدہ
دل کی باتیں زماں کی باتیں ہیں
28764 viewsghazalUrdu