غیر ممکن ہے کہ وہ مجھ سے خفا ہو جائے گا

By aalam-nizamiJanuary 18, 2024
غیر ممکن ہے کہ وہ مجھ سے خفا ہو جائے گا
اور اگر ایسا ہوا تو معجزہ ہو جائے گا
اس کی یادوں کی مسلسل چھیڑ سے کچھ ہو نہ ہو
دل کے زخموں کا مگر موسم ہرا ہو جائے گا


تو مری ٹھوکر میں ہے یا میں تری ٹھوکر میں ہوں
گردش دوراں کسی دن فیصلہ ہو جائے گا
کر رہا ہے جو مرا نقصان اپنی ذات سے
ہے اسے یہ زعم وہ میرا خدا ہو جائے گا


ہے مثال قطرۂ شبنم اندھیرے کا غرور
اک ذرا سی روشنی سے یہ فنا ہو جائے گا
آؤ مل کر ایکتا کی مشعلیں روشن کریں
دو ہی دن میں نفرتوں کا خاتمہ ہو جائے گا


خواب آزادی کے دیکھے تھے سکوں کے واسطے
کیا خبر تھی ملک میرا کربلا ہو جائے گا
47855 viewsghazalUrdu