گھر میں ایک دریچہ کم ہے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
گھر میں ایک دریچہ کم ہے
اور اجالا کتنا کم ہے
صرف تمہارا چہرہ کم ہے
جانے گھر میں کیا کیا کم ہے


خاص نہیں ہے اپنا جینا
اس جینے میں مرنا کم ہے
اب یہ کہانی لمبی چلے گی
اس میں ہمارا قصہ کم ہے


سارے پرندے چپ بیٹھے ہیں
دشت میں اک دیوانہ کم ہے
اس نے کہا اب جاؤ یہاں سے
میں نے کہا نذرانہ کم ہے


اس کی کتاب دل تو حسیں ہے
لیکن پہلا پنا کم ہے
سوتے ہوئے صیاد یہ بولا
پنجرے میں اک چڑیا کم ہے


27116 viewsghazalUrdu