ہماری چھت پہ بھی سورج کا انتظام ہوا

By hamza-bilalFebruary 26, 2024
ہماری چھت پہ بھی سورج کا انتظام ہوا
یہ اور بات کہ یہ کام وقت شام ہوا
اٹھے رقیب تو پھر مجھ سے بیٹھنے کو کہا
تمہاری بزم میں یوں میرا احترام ہوا


سفر میں تم سے کنارہ کیا تمہارے لیے
مگر بچھڑنے کا افسوس گام گام ہوا
کہ جیسے ڈانٹ دے کوئی یتیم بچے کو
ہماری حسرت دل کا یوں اختتام ہوا


ہمارے دل کو دکھائی گئی نئی دنیا
کچھ اس طرح یہ پرندہ بھی زیر دام ہوا
بچھڑ کے تجھ سے ہنر شاعری کا سیکھ لیا
یوں اہل درد کے جینے کا انتظام ہوا


76901 viewsghazalUrdu