ہمیں اپنے ہی جیسا دوسرا ہونے کا وقت آیا

By farhat-ehsasFebruary 6, 2024
ہمیں اپنے ہی جیسا دوسرا ہونے کا وقت آیا
محبت آئی اور خود سے جدا ہونے کا وقت آیا
اٹھا وہ وقت آرایش کہ محفل ہونے والی ہے
پھر اس کے عاشقوں کے آئنہ ہونے کا وقت آیا


موذن نے اذاں دی اور وہ بت نکلا خدا بن کر
خدا کی سب نمازوں کے قضا ہونے کا وقت آیا
جنوں کو امتحاں لینا ہے اب اہل محبت کا
لباس جسم اتارو بے حیا ہونے کا وقت آیا


بگڑتی جا رہی ہیں ساری شکلیں کتنی تیزی سے
ہمارے شہر کے کیا جانے کیا ہونے کا وقت آیا
خزاں میں تو پرانا پن اترتا ہے درختوں کا
خزاںؔ میں تو درختوں کے نیا ہونے کا وقت آیا


تمہارا بت تمہاری بندگی کرنے پہ راضی ہے
تو پیارے فرحت احساسؔ اب خدا ہونے کا وقت آیا
21879 viewsghazalUrdu