ہوس میں مبتلا ہم کو ملا تھا

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
ہوس میں مبتلا ہم کو ملا تھا
یہ دل بگڑا ہوا ہم کو ملا تھا
پرانا آئنہ یوں توڑ ڈالا
وہ چہروں سے بھرا ہم کو ملا تھا


ہمیشہ سے تھی پھیکی روشنائی
قلم ٹوٹا ہوا ہم کو ملا تھا
تری آنکھوں سے ہم کو یاد آیا
یہاں کچھ کام کا ہم کو ملا تھا


مثالی کہہ رہے ہیں آپ جس کو
یہ غم مرتا ہوا ہم کو ملا تھا
بنا جو باعث رسوائی شارقؔ
وہ خط لکھا ہوا ہم کو ملا تھا


71044 viewsghazalUrdu