حساب عمر جب دینا پڑے گا

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
حساب عمر جب دینا پڑے گا
تو جمع و خرچ کا جھگڑا پڑے گا
ہمیں ہو گا خسارہ عمر بھر کا
تجھے سودا بہت مہنگا پڑے گا


بنی جو صلح کا باعث کسی دن
اسی دیوار کا جھگڑا پڑے گا
قدم الٹے جہاں پڑنے لگیں گے
وہاں سے راستہ سیدھا پڑے گا


خرابہ ہی کوئی آباد کر لو
نہ جانے کب تلک رہنا پڑے گا
ہوا کا رخ بدلنے کی طلب میں
ہوا کے ساتھ بھی چلنا پڑے گا


شجر بھی کاٹنے ہیں آنگنوں سے
پرندوں کا بھی دل رکھنا پڑے گا
دوراہے پر کھڑے کب تک رہو گے
کوئی تو فیصلہ کرنا پڑے گا


15199 viewsghazalUrdu