اگر تمہارے نام کی نہیں رہی

By sajid-raheemFebruary 28, 2024
اگر تمہارے نام کی نہیں رہی
تو پھر یہ عمر کام کی نہیں رہی
جو چھاج تھا اناج کا الٹ گیا
غذا بھی گھر میں شام کی نہیں رہی


ہمیں وہ مرتبے عطا کیے گئے
ہمیں کسی مقام کی نہیں رہی
بدل دئے ہیں نام اور مقام سب
یہ داستاں تو کام کی نہیں رہی


کنیز آ گئی پسند شام کو
کنیز اب غلام کی نہیں رہی
فنا کو اب فنا میں ہی قرار ہے
فنا کو اب دوام کی نہیں رہی


مرے سمیت گھر سے پھینک دی گئی
ہر ایک شے جو کام کی نہیں رہی
بھرا ہے پیٹ اس بدن کو بیچ کر
کمائی اب حرام کی نہیں رہی


39593 viewsghazalUrdu