ہم اس گلی کا بڑا احترام کرتے ہیں

By qamar-jalalviFebruary 28, 2024
ہم اس گلی کا بڑا احترام کرتے ہیں
کہ جو بھی ملتا ہے اس کو سلام کرتے ہیں
جناب شیخ یہ مے خانہ اور یہ وعظ طویل
حضور کاہے کو پینا حرام کرتے ہیں


الہی ان کی سمجھ میں بیان غم آ جائے
زباں خموش ہے آنسو کلام کرتے ہیں
خدا ہی جانے اب آداب بندگی کیا ہوں
جنہیں کہ سجدے ہیں لازم کلام کرتے ہیں


عجیب ہوتا ہے محفل میں ان کا روئے سخن
ہر اک سمجھتا ہے مجھ سے کلام کرتے ہیں
قمرؔ ہلال سمجھ کر جو دیکھتے ہیں مجھے
گلے تو مل نہیں سکتے سلام کرتے ہیں


91776 viewsghazalUrdu