ہم نے تو اس سے بھی نبھا لی ہے

By chand-kakralviJanuary 19, 2024
ہم نے تو اس سے بھی نبھا لی ہے
دل محبت سے جس کا خالی ہے
اب تو آ جا اے دھوپ کھڑکی پر
برف آنکھوں میں جمنے والی ہے


چھاؤں بھی اب سکوں نہیں دیتی
جسم نے اتنی دھوپ کھا لی ہے
کچھ بنانے کی پھر ضرورت کیا
اس کی تصویر جب بنا لی ہے


ختم جھگڑا نہیں ہوا گھر کا
جب کہ دیوار بھی اٹھا لی ہے
جس پہ چاہت کے پھول کھلتے تھے
تم نے وہ شاخ کاٹ ڈالی ہے


53196 viewsghazalUrdu