اس لئے تو بجھا نہیں ہوں میں

By aalam-nizamiJanuary 18, 2024
اس لئے تو بجھا نہیں ہوں میں
بجھنے والا دیا نہیں ہوں میں
جو بھی ہے سب مرا مقدر ہے
زندگی سے خفا نہیں ہوں میں


میری تعظیم کیوں کرے دنیا
آدمی ہوں خدا نہیں ہوں میں
آندھیوں سانس چل رہی ہے ابھی
جل رہا ہوں بجھا نہیں ہوں میں


بس ذرا تلخیاں مزاج میں ہیں
دوستو سر پھرا نہیں ہوں میں
لوگ جتنا برا بتاتے ہیں
یار اتنا برا نہیں ہوں میں


مسترد کر دے جس کو یہ دنیا
وہ غلط فیصلہ نہیں ہوں میں
مجھ کو اپنی تلاش ہے عالمؔ
خود سے اب تک ملا نہیں ہوں میں


26916 viewsghazalUrdu