جلسہ نہیں جلوس نہیں شاعری نہیں

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
جلسہ نہیں جلوس نہیں شاعری نہیں
حالت ہماری پھر بھی کسی سے چھپی نہیں
پیغام سے علاج نہ کر آ کے نبض دیکھ
سانسیں ملی ہوئی ہیں مگر زندگی نہیں


بولا بگڑ کے وہ مرے اصرار وصل پر
میں نے کہا نہیں تو سمجھ واقعی نہیں
کل رات وہ یقین دلا ہی گیا مجھے
اس زندگی کے بعد کوئی زندگی نہیں


دنیا کے سب خداؤں کا جم غفیر تھا
بندے کی ایک عرض کسی نے سنی نہیں
خود ہی کہا کرو مری تعریف شعر میں
خود ہی کہا کہ یہ تو کوئی شاعری نہیں


21545 viewsghazalUrdu