جو چڑیا میرے گھر آ جا رہی تھی

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
جو چڑیا میرے گھر آ جا رہی تھی
تمہارے گھر سے تنکے لا رہی تھی
بدن اس کا بھی گونگا ہو گیا تھا
ہماری بھی نظر ہکلا رہی تھی


ہوا نے کیوں بجھایا تھا دیے کو
تری خوشبو مجھے سمجھا رہی تھی
مری آواز پہ قبضہ جما کر
ضرورت جھوٹ بولے جا رہی تھی


عبادت کے دریچے کھل گئے تھے
محبت آ رہی تھی جا رہی تھی
کہا سیرت نے اس کی نظم لکھو
مگر صورت غزل لکھوا رہی تھی


بھنور سے بچنے میں کشتی ہماری
مگرمچھوں میں گھرتی جا رہی تھی
مسلسل بیچنا پڑتی تھیں خوشیاں
غموں پر اتنی لاگت آ رہی تھی


69557 viewsghazalUrdu