جنون شوق میں آداب رقص وحشت کیا

By ahmar-nadeemFebruary 5, 2024
جنون شوق میں آداب رقص وحشت کیا
شکستہ پاؤں کو پازیب شان و شوکت کیا
ہم اپنے آپ میں رہتے نہیں ہیں دم بھر کو
ہمارے واسطے دیوار و در کی زحمت کیا


بڑے وثوق سے آشفتہ سر یہ پوچھتے ہیں
دیار رنج و محن میں ہماری وقعت کیا
یہ دور جہل ہے مدح و ثنائے ظلمت کر
زبان خامہ سے توصیف اہل حکمت کیا


جو رنگ لائے تو بہتر وگرنہ دفن کرو
لہو لہو ہے مرا خوں بہا کی قیمت کیا
متاع صبر و تحمل کو دونوں ہاتھوں سے
لٹانے ہم جو چلے ہیں تو اتنی حیرت کیا


31398 viewsghazalUrdu