کہیں سے جب کوئی آواز آئی

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
کہیں سے جب کوئی آواز آئی
میں یہ سمجھا تری آواز آئی
وہاں تک ہم نے دیواریں گرا دیں
جہاں تک آپ کی آواز آئی


ہوا ہو گا کہیں پر شور کوئی
ہمیں تو بس تری آواز آئی
کہا میں نے ذرا پانی پلا دے
کوئیں سے بھی یہی آواز آئی


سماعت پر جنوں تھا اتنا حاوی
جو سوچی تھی وہی آواز آئی
اسی کی گونج ہے میری خموشی
تری جو آخری آواز آئی


اچانک رات میں بھی چونک اٹھا
بہت دن میں مری آواز آئی
84126 viewsghazalUrdu