خموش رات میں کچھ یوں تجھے صدا دیں گے

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
خموش رات میں کچھ یوں تجھے صدا دیں گے
کہ چاند کو بھی ترے ساتھ ہم جگا دیں گے
بھلا یہ تازہ رہ و رسم خاک دے گی ہمیں
پرانے یار کوئی زخم تو نیا دیں گے


اکیلے ہم پہ ہے رسوائیوں کا بوجھ اتنا
کہ شاید اب تو ترا نام بھی بتا دیں گے
ہم اس سے ترک تعلق کے بعد سوچتے ہیں
کسے سلام کریں گے کسے دعا دیں گے


چلو سفر ہی کٹے گا کچھ اپنا حال کہو
جو ہم پہ عشق میں بیتی ہے ہم سنا دیں گے
12223 viewsghazalUrdu