خود چلے آؤ یہاں یا کہ صدا دو ہم کو

By khalilur-rahman-azmiFebruary 27, 2024
خود چلے آؤ یہاں یا کہ صدا دو ہم کو
ہم گنہ گار تمہارے ہیں دعا دو ہم کو
کیا کریں ہم سے یہ ہوتی نہیں دنیا داری
ہم جو دنیا کے نہیں ہیں تو مٹا دو ہم کو


ہم تمہارے ہیں تمہارے ہی قریب آ بیٹھے
ہوں جو گستاخ تو محفل سے اٹھا دو ہم کو
دامن قیس سہی دامن یوسف نہ سہی
اب تو یہ چاک ہے جو چاہے سزا دو ہم کو


اپنی ہی راکھ میں یہ آگ نہ کجلا جائے
اب لگائی ہے تو آنچل کی ہوا دو ہم کو
یہ بھی ہم بھول گئے نام ہمارا کیا تھا
پوچھ کر گردش دوراں سے بتا دو ہم کو


یا ہمیں قید کرو محبس تنہائی میں
یا اسی دشمن جانی سے ملا دو ہم کو
جن کو آنکھوں سے لگایا تو ہمیں چھوڑ گئے
انہیں چہروں انہیں خوابوں کا پتہ دو ہم کو


73268 viewsghazalUrdu