خدا ہی آپ نہ جب تک زمیں پہ اترے گا

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
خدا ہی آپ نہ جب تک زمیں پہ اترے گا
تو کون پورا کسی کے یقیں پہ اترے گا
یہ سیل اشک بھی اپنا ہے آنکھ بھی اپنی
کھڑے رہو کہ یہ دریا یہیں پہ اترے گا


بھروسہ کوئی نہیں ہے کسی مسافر کا
جہاں بھی ریل رکے گی وہیں پہ اترے گا
چلے تو ہو سفر عشق پر خیال رہے
کہیں چڑھے گا یہ دریا کہیں پہ اترے گا


تمام خاک نشیں زیر خاک ہوں گے مگر
لہو کا رنگ تری آستیں پہ اترے گا
یہاں بھرے ہوئے بیٹھے ہیں سب بندھے ہاتھوں
سو اب یہ غصہ ترے جانشیں پہ اترے گا


جمالؔ خطۂ دل ہو بھی جائے گر ہموار
کوئی جہاز نہ اس سرزمیں پہ اترے گا
76114 viewsghazalUrdu