کسی نے نہ جب دیکھا بھالا مجھے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
کسی نے نہ جب دیکھا بھالا مجھے
میری ٹھوکروں نے سنبھالا مجھے
کوئی غور سے دیکھتا ہی نہیں
بہت چبھ رہا ہے اجالا مجھے


نئے ذائقوں کا پرستار ہوں
بنا لے نہ دنیا نوالہ مجھے
گرایا تھا تو نے نظر سے جہاں
وہیں پہ پڑا ہوں اٹھا لا مجھے


اکیلا ملوں گا کسی دشت میں
کوئی نام لے کر بلا لا مجھے
کھنک چابیوں کی سناتے ہیں لوگ
دکھا کر ترے گھر کا تالا مجھے


مرے پیچھے پیچھے جو چلتی رہی
اسی بھیڑ نے مار ڈالا مجھے
فقط ہاتھ پھیلا کے میری طرف
مری گود میں اس نے پالا مجھے


90941 viewsghazalUrdu