لگتی نہیں ہے گرمی سردی

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
لگتی نہیں ہے گرمی سردی
پہن کے دیکھو قیس کی وردی
آئینوں سے پوچھ رہا ہوں
کیسے مٹے چہرے کی زردی


خالی برتن بجنے لگے تھے
میں نے سب میں مٹی بھر دی
پنکھ کتر دیتا چڑیا کے
تو نے تو گردن ہی کتر دی


ہم تو دیوانے ہیں تیرے
دیوانوں سے کیا ہمدردی
دانا تھا تو چپ رہتا تھا
تو نے صدا پاگل ہو کر دی


میں تو خود ہی مرنے کو تھا
چارہ گروں نے جلدی کر دی
24291 viewsghazalUrdu