لکھ کے تحریر محبت کی مٹائی اس نے

By shamim-danishFebruary 29, 2024
لکھ کے تحریر محبت کی مٹائی اس نے
ہائے کس دل سے چھری دل پہ چلائی اس نے
خوبصورت مری آنکھوں کا یہ دھوکا ہی سہی
میری تصویر تو سینے سے لگائی اس نے


وہ جو اب طاق پہ خاموش دیا رکھا ہے
رات بھر کی ہے اندھیروں سے لڑائی اس نے
چند لمحے ہی سہی چشم عنایت سے مگر
دونوں عالم کی مجھے سیر کرائی اس نے


کر کے بے لوث محبت سے کنارہ میری
کیا عزیزو مرے پائی ہے خدائی اس نے
عمر بھر کی میں سزا کاٹنے والا تھا مگر
جانے کیا سوچ کے دے دی ہے رہائی اس نے


جس کو دیکھو وہی دیوانہ بنا پھرتا ہے
ایسی تصویر ہے ڈیپی میں لگائی اس نے
ہار تو میری اسی وقت ہوئی اے دانشؔ
کر لیا اپنی طرف جب مرا بھائی اس نے


13155 viewsghazalUrdu