لوگ ہر بات کو افسانہ بنا دیتے ہیں

By bhagwan-khilnani-saqiFebruary 26, 2024
لوگ ہر بات کو افسانہ بنا دیتے ہیں
ہوش مندوں کو بھی دیوانہ بنا دیتے ہیں
ذکر کرتے ہیں ترے حسن کا جس دم ہم لوگ
چاندنی رات کو افسانہ بنا دیتے ہیں


تیری مخمور نگاہوں سے ذرا سی پی کر
ہم تو ہر چیز کو مے خانہ بنا دیتے ہیں
کچھ تو پہلے ہی کیا عشق نے پاگل دل کو
اور کچھ لوگ بھی دیوانہ بنا دیتے ہیں


حسن کی شمع کو وہ کرتے ہیں ایسے روشن
عشق کو آتے ہی پروانہ بنا دیتے ہیں
ہم وہ مے خوار ہیں جو دیکھ کے تجھ کو ساقیؔ
میکدے کو بھی صنم خانہ بنا دیتے ہیں


33675 viewsghazalUrdu