منصب سے محبت کی سبک دوش ہوا میں

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
منصب سے محبت کی سبک دوش ہوا میں
آواز لگاتے رہو خاموش ہوا میں
اس بار وہ شعلہ نئے انداز سے بھڑکا
اک آن میں سو بار سیہ پوش ہوا میں


ایمان کا فقدان تو پہلے کی طرح تھا
اک نعرۂ تکبیر سے پرجوش ہوا میں
کچھ نقص تھا توبہ میں اسی کی تو ہوا یہ
یاد آ گیا یک لخت فراموش ہوا میں


اس بار ترے جسم کی خوشبو ہی الگ تھی
پتھر ہوا جاتا تھا ہم آغوش ہوا میں
اصرار تھا اعلان محبت پہ سبھی کو
اس درجہ بڑھا شور گراں گوش ہوا میں


89839 viewsghazalUrdu