مسخ الفاظ کو جیسے ہو معانی درکار

By ahmad-ayazFebruary 24, 2025
مسخ الفاظ کو جیسے ہو معانی درکار
میری روداد کو ہے ایک کہانی درکار
مجھ میں میں ہوں یا کوئی اور ہے شامل مجھ میں
اب مری ذات کو ہے کوئی نشانی درکار


کوئی پرچھائی ہٹائے کہ گرانی ہے بہت
جسم خستہ کو ہے اب نقل مکانی درکار
کیا عجب ہے کہ سمندر ہے جہاں آب حیات
تشنہ لب کو ہے اسی پانی میں پانی درکار


کچھ زیادہ ہی قریں ہے وہ چھری شہ رگ سے
اور رگ رگ میں لہو کو ہے روانی درکار
اس سے پہلے کہ کوئی خواب دھواں ہو جائے
چشم تر کو ہے مرے اشک فشانی درکار


92461 viewsghazalUrdu