ملنے والو رشتوں میں کیوں آتے ہو

By shakeel-azmiFebruary 29, 2024
ملنے والو رشتوں میں کیوں آتے ہو
ایسے ویسے کپڑوں میں کیوں آتے ہو
اپنے چہرے میں آؤ پہچانے جاؤ
ان کی ان کی شکلوں میں کیوں آتے ہو


ذات چھپانا خود کو دھوکا دینا ہے
کانٹے ہو تو پھولوں میں کیوں آتے ہو
سچے جذبوں دل میں سلگو شعر بنو
آنسو بن کر آنکھوں میں کیوں آتے ہو


پاگل غصو روح میں اترو پیار بنو
گالی بن کر باتوں میں کیوں آتے ہو
تم سے میرا کیا رشتہ ہے کچھ تو نہیں
تو پھر میرے خوابوں میں کیوں آتے ہو


51013 viewsghazalUrdu