مدتوں بعد شب ماہ اسے دیکھا تھا

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
مدتوں بعد شب ماہ اسے دیکھا تھا
پر کسی اور کے ہم راہ اسے دیکھا تھا
کیا خبر تھی کہ کہانی کوئی بن جائے گی
میں نے کل بزم میں ناگاہ اسے دیکھا تھا


وصل کی رات ستاروں نے بڑی حسرت سے
گاہ دیکھا تھا مجھے گاہ اسے دیکھا تھا
لوگ اسے ڈھونڈھنے نکلے تو یہ معلوم ہوا
جس نے دیکھا تھا سر راہ اسے دیکھا تھا


آج اک عمر کے بعد اس سے ملا تھا لیکن
اپنے احوال سے آگاہ اسے دیکھا تھا
اس کا کیا ٹھیک کہ لوگوں نے بہ یک وقت جمالؔ
سر مے خانہ و درگاہ اسے دیکھا تھا


76980 viewsghazalUrdu