نہ مجھ کو چین آوے ہے نہ مجھ کو نیند ہی آوے

By aftab-shahNovember 28, 2024
نہ مجھ کو چین آوے ہے نہ مجھ کو نیند ہی آوے
سجن کی دے خبر کوئی کوئی تو اس طرف جاوے
ترے ہنسنے پہ دل اپنا تری جانب کھچا جاوے
ترے رونے پہ دل تڑپے عجب سی تشنگی چھاوے


بتاؤں کیا میں لوگوں کو ترے دیکھے سے کیا ہووے
جو تجھ کو دیکھ لے صاحب وہ جنت کا مزہ پاوے
جلن رہتی ہے سینے میں اسے کہہ دو صدا دے دے
کوئی تو یار کے کوچے سے تھوڑی دلبری لاوے


یہ دل کاہے کو تیری یاد میں جل جل کے دھڑکے ہے
یہ کاہے نام لے تیرا یہ کیونکر روگ ہے کھاوے
سجن کی بھولی باتاں سے گماں ہووے ہے کوئل کا
سجن کی بھوری اکھیاں میں پپیہا گیت ہے گاوے


ملن کی بات کرنے پر حیا مکھڑے کو کھا جائے
سمٹتی جائے لاجاں سے دلاں پر برق ہے ڈھاوے
تری سوچاں کی بھنوراں میں کوئی رستہ نہیں ملتا
سفر یہ بوجھ لاگے ہے محبت خون ہے تاوے


تو سنگت ہے بہاروں کی دلاں کے چاند تاروں کی
تو رانی ہے مرے دل کی نہ دل کو اب کوئی بھاوے
77045 viewsghazalUrdu