نقلی ہیں سب تالے تالی

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
نقلی ہیں سب تالے تالی
کیسے کریں گھر کی رکھوالی
سائل سمجھا پیسے دے گا
شیخ نے جب تسبیح نکالی


اچھے خاصے صحن میں میرے
بارش نے بنوا دی نالی
چونچ میں پہلا تنکا لے کر
چڑیا ناچی ڈالی ڈالی


کچھ دن سے چپ چپ رہتے ہیں
اس کے حاتم میرے سوالی
اس کی گلی کی پہلی دکاں پر
ہو گئیں ساری جیبیں خالی


میں ہی اپنے پاؤں تراشوں
تم نے تو زنجیر نہ ڈالی
پھر میں نے لفظوں سے بنائے
جھومر کنگن بوندے بالی


94179 viewsghazalUrdu