نشے کی لہر طاری ہو رہی ہے

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
نشے کی لہر طاری ہو رہی ہے
مری آواز بھاری ہو رہی ہے
رقیبوں پر عنایت برسر بزم
بہت خاطر ہماری ہو رہی ہے


سبھی میرے مرض کو کوستے ہیں
یہ کیا تیمار داری ہو رہی ہے
چمن کا راستہ مت گھیر کے بیٹھ
خفا باد بہاری ہو رہی ہے


سب اپنے اپنے گھر میں مطمئن ہیں
مجھے کیوں بے قراری ہو رہی ہے
گلی کے ایک گھر میں عید کے روز
یہ کیسی آہ و زاری ہو رہی ہے


سنا ہے اس گلی سے عاشقوں کی
نئی فہرست جاری ہو رہی ہے
جو آئے پوچھتا ہے عمر میری
عجب تیمارداری ہو رہی ہے


مرے پہلو میں وہ ہے اور مجھ پر
عجب وحشت سی طاری ہو رہی ہے
77476 viewsghazalUrdu