نظر جلوؤں میں بھر جائے تو اچھا

By bishan-dayal-shad-dehlviFebruary 26, 2024
نظر جلوؤں میں بھر جائے تو اچھا
مقدر کام کر جائے تو اچھا
کسی سیرت پہ مر جائے تو اچھا
نہ صورت پر بشر جائے تو اچھا


نہ گردن پر رہے احساں کسی کا
طلب کی بھوک مر جائے تو اچھا
تمنا کی فسوں کاری کا طوفاں
نگاہوں سے اتر جائے تو اچھا


شراب عشق سے اے جان عالم
ہر اک پیمانہ بھر جائے تو اچھا
یہ ظاہر ہے کہ دل جائے گا جائے
انوکھی بات پر جائے تو اچھا


کوئی اللہ کا بندہ نوازے
مجھے بیگانہ کر جائے تو اچھا
گزاری عمر اکثر شادؔ رہ کر
چلو یوںہی گزر جائے تو اچھا


32920 viewsghazalUrdu