پڑتا رہتا ہے اکثر یہ دورہ مجھ پر

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
پڑتا رہتا ہے اکثر یہ دورہ مجھ پر
میں دنیا پر تھوک رہا ہوں دنیا مجھ پر
دو پل بیٹھ نہ پایا اپنوں کی محفل میں
ہر رشتے نے اتنا قرض نکالا مجھ پر


تھوڑی دیر کو میں بھی اچھا لگ سکتا تھا
پہنا لیکن نہیں جچا یہ چہرہ مجھ پر
کھیل ہے سارا پیار بھری نظروں کا تیری
کوئی بھی کرتا لگ سکتا ہے اچھا مجھ پر


میں نے اس سے کہیں زیادہ لوٹایا ہے
اس دنیا نے جتنا خرچ کیا تھا مجھ پر
اس کے تو کھڑکی دروازے بند تھے سارے
تیز ہوا نے سارا زور نکالا مجھ پر


28428 viewsghazalUrdu