پہلے دریا سے صحرا ہو جاتا ہوں

By farhat-ehsasFebruary 6, 2024
پہلے دریا سے صحرا ہو جاتا ہوں
روتے روتے پھر دریا ہو جاتا ہوں
تنہائی میں اک محفل سی رہتی ہے
محفل میں جا کر تنہا ہو جاتا ہوں


اس کے حسن کے سامنے تم اپنی جانو
میں تو بالکل ہی اندھا ہو جاتا ہوں
جسم پہ جادو کر دیتی ہے وہ آغوش
میں دھیرے دھیرے بچہ ہو جاتا ہوں


خوب جنوں کرتا ہوں جب ہوتا ہوں دکھی
اس پاگلپن میں اچھا ہو جاتا ہوں
ایسی رواں ہوتی ہے وصل میں ابجد جسم
ایک الف چلتا ہوں یا ہو جاتا ہوں


خاک رواں ہوں مرتا ہوں اک جانب سے
دوسری جانب سے پیدا ہو جاتا ہوں
جانے کیا ہوتا ہے شاعری کرتے وقت
بالکل فرحت احساساؔ ہو جاتا ہوں


18897 viewsghazalUrdu