پتہ چلا ہے آپ کے نمک کو گھاؤ چاہیے

By asim-qamarFebruary 25, 2024
پتہ چلا ہے آپ کے نمک کو گھاؤ چاہیے
تو یہ پڑی ہے روح اور کچھ بتاؤ چاہیے
ہتھیلیاں رگڑ رگڑ کے لال کر چکے مگر
یہ جس بلا کی سرد شام ہے الاؤ چاہیے


بھٹکتی پھرتی ایک جوڑ خواہشیں تو صبر تھا
پر اب قبیلہ ہو گئی ہیں اب پڑاؤ چاہیے
میں بے دلی کے باوجود ساتھ ہوں مذاق ہے
اب اس کو میری شکل پہ بھی ہاؤ بھاؤ چاہیے


بھلے سبھی دھنردھروں کو آنکھ دکھ گئی تھی پر
دھنش کی ڈور کو نپا تلا تناؤ چاہیے
رسد تمہارے پاس میرے پاس دوربین ہے
ہماری کشتیوں کو ایک سا بہاؤ چاہیے


سمے نکال کر بڑوں سے بات کر لیا کرو
پرانی بلڈنگوں کو تھوڑا رکھ رکھاؤ چاہیے
76784 viewsghazalUrdu