پھر ہرا ہونے کی خواہش کا ارادہ سوکھے

By kunaal-barkadeFebruary 27, 2024
پھر ہرا ہونے کی خواہش کا ارادہ سوکھے
کیوں بھلا سوکھا ہوا پیڑ دوبارہ سوکھے
میری چاہت ہے کہ گہرائی سے نکلیں آنسو
میری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ سوکھے


وہ تمہارے لیے اک بات تھی پر میرے لیے
دریا سوکھا ہے اگر ایک بھی قطرہ سوکھے
چاہیے پھول کو اک پھول کوئی مالی نہیں
ہم سفر تو وہ ہے جو ساتھ اکٹھا سوکھے


میں نہیں چاہتا ہوں اب کہ مری پیاس مٹے
میں نہیں چاہتا اب پیاس کا دریا سوکھے
مت کرو ذکر کہ برسات نہیں ہوتی اب
میں نہیں چاہتا تصویر میں جھرنا سوکھے


81006 viewsghazalUrdu