رات آتی رہتی ہے دن نکلتا رہتا ہے

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
رات آتی رہتی ہے دن نکلتا رہتا ہے
اور خدا کے بندوں کا کام چلتا رہتا ہے
پھر رہا ہوں بستی میں یہ پتہ لئے کب سے
اک چراغ اس گھر میں دن کو جلتا رہتا ہے


ایک گھر ہے میں جس میں رہتا ہوں خوش و خرم
ایک بات ہے جس سے دل دہلتا رہتا ہے
میں بھی آسمانوں میں روز اضافہ کرتا ہوں
وہ بھی ان زمینوں کا رخ بدلتا رہتا ہے


زیست کی تمازت میں شاخ مرگ سے آگے
راہرو ٹھہرتا ہے رستہ چلتا رہتا ہے
عشق کرنے والوں کو صرف یہ سہولت ہے
کچھ نہ کرنے سے بھی کچھ دل بہلتا رہتا ہے


میں بساط دنیا کو جب لپیٹ دیتا ہوں
کوئی دوسرا مجھ میں گھر بدلتا رہتا ہے
51158 viewsghazalUrdu