رہی میری شاید دعا نصف سے کم

By khayal-laddakhiFebruary 27, 2024
رہی میری شاید دعا نصف سے کم
ملا مجھ کو جو کچھ ملا نصف سے کم
یہ راہ محبت ہے توبہ کہ اس میں
میں گر کر اٹھا پر اٹھا نصف سے کم


تلاش ان کی اب تک رہی ہے ادھوری
وہ جن کو ملا ہے خدا نصف سے کم
نہیں کچھ برا کر سکا اس کا طوفاں
بجھی شمع جب تھی ہوا نصف سے کم


ترے روبرو لے کے آئی جو قسمت
میں لگنے لگا با خدا نصف سے کم
کچھ ایسے گزاری ترے اس جہاں میں
کہا نصف سے کم سنا نصف سے کم


محبت عبادت خماری شکایت
خیالؔ آپ کی ہر ادا نصف سے کم
31603 viewsghazalUrdu