رہنا نہیں اگرچہ گوارہ زمین پر

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
رہنا نہیں اگرچہ گوارہ زمین پر
لیکن اک آدمی ہے ہمارا زمین پر
طرفہ کہ رسم گریہ و زاری بھی اٹھ گئی
مشکل تو پہلے ہی تھا گزارہ زمین پر


پہلے تو دی گئی مجھے بینائی اور پھر
منظر عجیب اس نے اتارا زمین پر
بھٹکے ہوؤں کو راہ دکھانے کو کم نہیں
ٹوٹے ہوئے دیے کا کنارہ زمین پر


اس کی نظر بدلنے سے پہلے کی بات ہے
میں آسمان پر تھا ستارہ زمین پر
33047 viewsghazalUrdu